ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس میں کسی کو وزیر اعلیٰ بنا کر پیش کرنے کا کلچر نہیں: پرمیشور

کانگریس میں کسی کو وزیر اعلیٰ بنا کر پیش کرنے کا کلچر نہیں: پرمیشور

Tue, 17 Aug 2021 11:49:21    S.O. News Service

بنگلورو،17؍اگست(ایس او  نیوز)کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کو اب بھی دوسال کا عرصہ باقی ہے ایسے میں انتخابات میں کانگریس اگر کامیاب ہو گئی تو وزیر اعلیٰ کون بنے گا اس کا فیصلہ تب کیا جائے گا۔ یہ بات کے پی سی سی کے سابق صدر اورسابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہی۔ سابق ریاستی وزیر ضمیر احمد خان سے ان کے گھرپر ملاقات کے بعد اخباری نمائندو ں سے با ت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس میں انتخابات سے پہلے کسی کو وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا دعویدار بنا کرپیش کرنے کی روایت کبھی تھی، ہے اور نہ ہو گی۔سدارامیا اور ڈی کے شیو کمار کے ساتھ ساتھ دلت طبقہ سے پرمیشور کو بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے کا دعویدار مانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بڑے رہنما کو وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش ہونا فطری بات ہے لیکن پارٹی اگر اقتدار میں آئے گی تو نو منتخب اراکین اسمبلی اپنے رہنما کا انتخاب کریں گے اور اس پر پارٹی اعلیٰ کمان کی طرف سے مہر ثبت کی جائے گی۔اخباری نمائندوں کی طرف سے اس سوال پر کہ کیا آپ بھی عہدہ وزیر اعلیٰ کے دعویداروں میں سے ہیں؟ پرمیشور نے یہ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پارٹی کو اقتدار میں آنے تو دیجئے بعد میں طے ہو گا کہ وزیر اعلیٰ کون بنے گا۔انہوں نے ان خبروں کو مسترد کردیا کہ وہ سرگرم سیاست سے ہیں اور کہا کہ کورونا کی وجہ سے وہ کافی دنوں سے ٹمکور میں ہیں۔ پارٹی کے کاموں کے لئے بنگلورو وقتاً فوقتاً آتے جاتے رہتے ہیں۔ کانگریس میں دلت برگیڈ بنائے جانے کے متعلق ڈاکٹر پرمیشور نے لاعملی کا اظہار کیا۔ سابق وزیر ضمیر احمد کے گھر پر ای ڈی چھاپہ کے بارے میں پرمیشور نے کہا کہ ضمیر کانگریس کے ایک اہم لیڈر ہیں۔ ان کے گھر پر چھاپہ کے بعد ان کو تسلی دینے کے لئے وہ یہاں پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے سیاستدانوں کے گھرو ں پر آئی ٹی اور ای ڈی کے چھاپہ کیوں مارے جا رہے ہیں اس سوال کا کوئی جواب نہیں ہے۔پورے ملک میں کانگریس رہنماؤں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ چھاپہ بھی اسی کا حصہ ہو سکتا ہے۔حکومت کی طرف سے ملک کے بڑے اعزازات کے ناموں کو بدلے جانے کے بارے میں پرمیشور نے کہا کہ ماضی میں کئی اہم شخصیات کے ناموں سے سڑکوں، اداروں، اعزازات اور دیگر انفراسٹرکچر پراجکٹوں کو منسوب کیا گیا ہے ان تمام کے نام بدلنا درست نہیں۔ اس موقع پر ضمیر احمد خان، ان کے چھوٹے بھائی مزمل احمد خان، کانگریس لیڈر ایس اے حسین اور دیگر موجود تھے۔


Share: